محمدی المشرب غیر محمدی المشرب

محمدی المشرب غیر محمدی المشرب

اولیائے کرام دو قسم پر  ہیں محمدی المشرب غیر محمدی المشرب

اولیاء اللہ انبیاء علیہم السلام کے وارث ہوتے ہیں اور انبیاء ہی سے اقتباس فیض کرتے ہیں، جس ولی کو جس نبی سے فیض حاصل ہوتا ہے اس کی بابت یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں ولی فلاں نبی کے قدم یا اس کے مشرب پر ہے۔ ہر ولی کسی نہ کسی نبی کے قدم پر ہوتا ہے مثلا کسی ولی کو ولایت ابراہیمی، کسی کو ولایت یوسفی، کسی کو ولایت موسوی، کسی کو ولایت عیسوی حاصل ہوتی ہےلیکن سب محمدی المشرب کے ساتھ کسی اور مشرب سے بھی فیض حاصل کرتے ہیں۔

 مشرب  کا ہم معنی لفظ ولایت بھی ہے اور ہم مشرب آدم کی جگہ ولایت آدم ، مشرب نوح کی جگہ ولایت نوح مشرب ابراہیمی و مشرب موسی  کی جگہ ولایت ولایت ابراہیمی و ولایت موسی ، مشرب عیسی کی جگہ ولایت عیسی اور مشرب محمدی  کی جگہ مشرب محمد ی کے الفاظ بھی استعمال کرتے اور لکھتے ہیں۔ 

مُحمّدی المشرب اولیاء

محمدی المشرب یہ اولیاء محبوب بالذات ہوتے ہیں ان کی ولایت سرور عالم ﷺ کے زیر قدم ہیں اور آپ کے ہی مشرب اور مبدا فیض سے اقتباس ِ فیض کرتے ہیں اس لئے ان کےمبادئ فیوض “ظِلالِ شیوناتِ عِلْم”  سےہیں۔ولایت کی ایک خاص قسم ولایت محمدی جسے محمدی قدم، محمدی حال اور محمدی سیرت کے نام سے بھی موسوم کیا جاتا ہے۔

شیخ عبد اللہ بلخی نے ’’خوارق الاحباب فی معرفۃ الاقطاب‘‘ میں لکھا ہے کہ حضرت غوث اعظم رضی اللہ عنہ نے ایک مجلس میں فرمایا
’’ 157 سال بعد بخارا میں ایک محمدی المشرب شخص محمد بہاؤ الدین نقشبندی نامی پیدا ہوگا جو ہم سے ایک خاص نعمت پائے گا۔‘‘
چنانچہ حضرت خواجہ بہاؤ الدین نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ نے جب میدان سلوک میں قدم رکھا اور حضرت خضر علیہ السلام کے اشارے پر حضرت غوث الاعظم کی طرف متوجہ ہوکر ’’الغیاث الغیاث یا محبوب سبحانی‘‘ پکارتے ہوئے سو گئے تو خواب میں زیارت غوثیہ اور فیوض و برکات سے مشرف ہوئے

غیر مُحمّدی المَشرب اوَلیاء

یہ اَولیاء محبُوب بالْعَرض یا مُحبّ ہوتے ہیں دیگر انبیاء و مُرسلین علیہم الصَّلوٰت وَالتسلیمات کے زیرِ قدم ہیں اور ان کے مشارب مبادئ فیوض سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے ان کے مبادئ فیوض “ظِلالِ صفاتِ ثبوتیہ” ہیں۔۔حضرت شیخ منصور قدس اللہ سرہ ابراھیمی قدم ومشرب رکھتے ہیں، حضرت شیخ حماد قدس اللہ سرہ داودی قدم ومشرب ہیں، حضرت شیخ تاج العارفین ابوالوفا قدس اللہ سرہ موسوی قدم ومشرب ہیں، حضرت شیخ محمد بن عبدالبصری قدس اللہ سرہ عیسوی قدم ومشرب ہیں،حضرت شیخ ابوالنجیب سہروردی قدس اللہ سرہ یوسفی قدم ومشرب ہیں، حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی قدس اللہ سرہ سلیمانی قدم ومشرب ہیں، حضرت شیخ علی ھیتی قدس اللہ سرہ یعقوبی قدم ومشرب ہیں، حضرت شیخ ابوالبدر العاقولی قدس اللہ سرہ یونسی قدم ومشرب ہیں، ایک طالب  جب بشری کدور توں سے پاک ہو جاتا ہے تو اسے تزکیہ نفس کا مرتبہ حاصل ہو جاتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ  کی تجلیات شیونات اور ظلال کا مرکز بن جاتا ہے اور یہ صفات اس کی ذات میں ظاہر ہونے لگتی ہیں۔

كتاب ‌المعارف ‌المحمدية في الوظائف الأحمدية لعز الدين أحمد الصياد


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں