دنیا کی بیہودہ زیب وزینت سے بچنے بیان مکتوب نمبر 81دفتر دوم

 پند نصیحت اور دنیا کی بیہودہ زیب وزینت سے بچنے بیان میں محمد مراد تور بیکی ( بعض نسخوں میں قور بیگی)کی طرف صادر فرمایا ہے:۔ 

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ وَسَلَامٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی (الله تعالیٰ  کی حمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو)

 : ایسا نہ ہو کہ یاران نیک انجام بچوں کی طرح دنیائے کمینی کی بیہودہ زیب و زینت اورنکمی سج دھج جو بظاہرطراوت وحلاوت رکھتی ہے پر فریفتہ ہو جائیں اور دشمن لعین(شیطان) کےورغلانے سے مباح کو چھوڑ کر مشتبہ میں اور مشتبہ سے حرام میں جا پڑیں اور اپنے مولا جل شانہ سےخجل اور شرمندہ ہوں۔ توبہ و انابت میں قدم راسخ رکھنا چاہیئے اور منہیات شرعیہ کو زہر قائل جاننا چاہیئے۔ 

ہمہ اندرز من بتوایں است که تو طفلی و خانه رنگین است

 ترجمہ: نصیحت ہے تجھ سے یہی سربسر کہ لڑکا ہے تو اوررنگین ہے گھر

 حق تعالیٰ  نے اپنے کمال کرم سے اپنے بندوں پر مباحات کا دائرہ (جائز امور)وسیع کیا ہے وہ شخص بہت ہی بد بخت ہے جو اپنی تنگدلی کے باعث اس وسعت کوتنگ خیال کر کے اس دائرہ وسیع کے باہر قدم رکھے اورحدودشرعیہ سے نکل کر مشتبہ اور حرم میں جا پڑے حدودشرعیہ کو لازم پکڑنا چاہیئے اور ان حدود سے سرمو تجاوز نہ کرنا چاہیئے۔ رسم و عادت کے طور پر نماز پڑھنے والے اور روزہ رکھنے والے بہت ہیں، لیکن پرہیز گار جو حدود شرعیہ کی محافظت کریں بہت کم ہیں۔ وہ(نیک و بد میں) فارق یعنی فرق کرنے والی شے جوحق کو باطل سے اور جھوٹے کوسچے سے جدا کرے ۔ یہی پرہیز گاری ہے۔ کیونکہ نماز و روزہ تو جھوٹا اورسچا دونوں ادا کرتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺنے فرمایا ہے مَلَاكُ ‌دِينِكُمُ الْوَرَعُاور تمہارے دین کا مقصود پرہیز گاری ہے) اور رسول الله ﷺ نے فرمایا ہے لَا تَعْدِلْ بِالرِّعَّةِپرہیز گاری کے برابر اور کوئی شے نہیں یار اگرچہ پرتکلف کھانے کھاتے ہیں اورنفیس لباس پہنتے ہیں، لیکن لذت کا پانا اورنفع حاصل کرنا فقراء کے طعام ولباس میں ہے۔ 

آنکہ آں داد بشاہان بگداین ای داد ترجمہ: جودیا شاہوں کو اس نے ہے گداؤں کو دیا 

آں(امیری) وایں(فقیری) میں بہت فرق ہے کیونکہ آں رضائے مولی سے دور ہے اور ایں اس کی رضا کے نزدیک نیز آں کا حساب بھاری ہے اور ایں کا حساب ہلکا۔ رَبَّنَا آتِنَا مِنْ لَدُنْكَ رَحْمَةً وَهَيِّئْ لَنَا مِنْ أَمْرِنَا رَشَدًا (یا اللہ تو اپنے پاس سے ہم پر رحمت نازل فرما اور ہمارے کام سے بھلائی ہمارے نصیب کر)برخوردار سلطان مراد نے توبہ و انابت کی توفیق پائی ہے اور طریقہ اخذ کیا ہے حق تعالیٰ  اس کو ثابت قدمی اور استقامت عطا کرے۔ السلام عليکم وعلى سائر الإخوان (آپ کو اور تمام دوستوں کو السلام علیکم)۔ 

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر دوم صفحہ282ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں