نماز کی فضیلت اورترغیب مکتوب نمبر 20دفتر دوم

 نماز کی فضیلت اور اس امر پر ترغیب دینے کے بیان میں کہ ارکان و شرائط اور تعدیل ارکان کو اچھی طرح بجالانا چاہے، مولانا محمد طاہر بدخشی کی طرف سے صادر فرمایا ہے۔ 

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ وَسَلَامٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی ( اللہ تعالی کے لیے ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو)

آپ کا مکتوب شريف جو جو نپور کی اطراف سے آپ نے لکھا تھا، پہنچا۔ آپ کی کمزوری اور ضعف کا حال پڑھ کر بڑی بے آرامی ہوئی۔ آپ کی صحت و تندرستی کا بڑا انتظار ہے۔ کسی آنے والے کے ہمراہ صحت کی خبر اور کیفیت احوال لکھ کر ارسال فرمائیں۔ اسے محبت کے نشان والے چونکہ یہ دار یعنی دنیا دارعمل ہے اور دار جزا دار آخرت ہے۔ اس لیے اعمال صالح کے بجا لانے میں بڑی کوشش کرنی چاہئے ۔ سب اعمال سے بہترین اور سب عبادات سے افضل ترین نماز کا قائم کرنا ہے۔ جو دین کا ستون اور مومن کی معراج ہے۔ 

پس اس کے ادا کرنے میں بڑی کوشش بجالانی چاہئے اور احتیاط کرنی چا ہے کہ اس کے ارکان شرائط وسنن و آداب کما حقہ ادا ہوں ۔ تعدیل اور طمانیت کے بارہ میں بار بار مبالغہ کیا جاتا ہے۔ اس کی اچھی طرح محافظت کریں۔ اکثر لوگ نماز کو ضائع کر دیتے ہیں اور طمانیت اور تعدیل ارکان کو درہم برہم کر دیتے ہیں ۔ ان لوگوں کے حق میں بہت کی وعید آئی ہیں۔ جب نماز درست ہو جائے ۔ نجات کی بھی بھاری امید ہے کیونکہ نماز کے قائم ہونے سے دین قائم ہو جاتا ہے اور مراتب کی بلندی کی معراج پوری ہو جاتی ہے۔ 

بر شکر غلطید اے صفرائیاں از برائے کورئے سودائیاں

 ترجمہ: پل پڑو شکر پر تم صفرائیو کور سودائی ہیں سارے مت ڈرو

  والسلام علیکم وعلی سائر من اتبع الهدى والتزم متابعة المصطفى عليه وعلى اله الصلوات والتسليمات العلى  سلام ہو آپ پر اور ان لوگوں پر جنہوں نےہدایت اختیار کی اور حضرت محمد مصطفے ﷺ کی متابعت کو لازم پکڑا۔

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر دوم صفحہ70 ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں