حفظ اوقات کی نصیحت میں مکتوب نمبر 85دفتر سوم

 حفظ اوقات کی نصیحت میں حضرت مخدوم زاده محمد معصوم کی طرف صادر فرمایا ہے  

ان اطراف کے احوال واوضاع حمد کے لائق ہیں اور تمہاری استقامت و سلامتی حق تعالیٰ سے مطلوب ہے اگر اجمیر کر راستے کی تکلیفوں اور گرمیوں سے بھی نجات میسر ہوئی تو انشاء اللہ تعالیٰ تم کو لکھوں گا اور بلالوں گا۔ جمعیت کے ساتھ رہو اور اپنی ہمت کوحق تعالیٰ کی رضا مندی کے حاصل کرنے میں صرف کرو۔ فراغت و آرام طلبی کو چھوڑ دو اورحظ نفس کے پیچھے نہ پڑو اور اہل وعیال کے ساتھ حد سے زیادہ محبت اختیار نہ کرو۔ ایسا نہ ہو کہ اس ضروری کام میں فتور پڑ جائے پھر ندامت اور مایوسی کے سوا کچھ فائدہ نہ ہوگا۔ اس صحبت(ذکر) و دولت(باطنی) کوغنیمت سمجھو اور ضروری امور میں عمر بسر کرو۔ اطلاع دینا ضروری تھا۔ نئے نئے معارف جو لکھے گئے ہیں سب تم کو سبب کا کام نہ دیں گے۔ ان کو سرسری نہ جانو بلکہ بڑی کوشش سے ان کا مطالعہ کرو ۔شائدان کے پوشیدہ اسرارتم پر کھل جائیں اور سعادت کا سرمایہ ہاتھ آجائے۔ تمہارے حق میں ایک بشارت پہنچی ہے اس کو ایک مکتوب(نمبر 82 دفتر سوم) میں لکھ کر خواجہ محمد ہاشم کے حوالہ کیا ہے تا کہ تمہارے پاس پہنچادے۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے کرم سے تم کو ضائع نہ چھوڑے گا اور قبول فرمائے گا لیکن اس سے ڈرتے رہنا چاہیئے اور لہوولعب میں مشغول نہ ہونا چاہیئے ایسا نہ ہو کہ صحبت کی دوری تاثیر کر جائے اور حق تعالیٰ کی بارگاہ میں التجا وتضرع کرتے رہو اور اہل حقوق کے ساتھ بقدر ضرورت میل جول رکھو اور ان کی خاطر تواضع بجا لاؤ اور مستورات کے ساتھ وعظ ونصیحت سے زندگی بسر کرو اور ان کے حق میں امر معروف اور نہی منکر سے دریغ نہ رکھو اور تمام اہل خانہ کو نماز و صلاح اور احکام شرعی کے بجا لانے کی ترغیب دیتے رہو۔ فَاِنَّکُمْ مَّسْؤُلُوْنَ عَنْ رَعِيَّتِکُمْ ( کیونکہ تم اپنی اپنی رعیت کی نسبت پوچھے جاؤ گے) حق تعالیٰ نے تم کو علم دیا ہے۔ اس کے موافق عمل بھی نصیب کرے اور اس پر استقامت بخشے ۔ آمین۔ 

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر سوم صفحہ244ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں