حق تعالی کی قضا پرصبر و رضا مکتوب نمبر 19دفتر سوم

 حق تعالی کی قضا پرصبر و رضا کے بیان میں سیادت پناه میر محمدنعمان کی طرف صادر فرمایا ہے: 

الحمد لله رب العلمين في السراء والضراء و في العافية والبلاء (رنج و خوشی اور عافیت و بلا میں اللہ رب العالمین کی حمد )

اس حکیم جل شانہ کا کوئی کام حکمت و بہتری سے خالی نہیں ہوتا جو کچھ الله تعالی کرتا ہے اس میں سراسر صلاح و بہتری ہوتی ہے۔ وَعَسَى أَنْ تَكْرَهُوا شَيْئًا وَهُوَ خَيْرٌ لَكُمْ وَعَسَى أَنْ تُحِبُّوا شَيْئًا وَهُوَ شَرٌّ لَكُمْ وَاللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ (قریب ہے کہ تم کسی شے کو برا جانو اور وہ تمہارے لیے اچھی ہو اور کسی شے کو اچھا جانو اور وہ تمہارے حق میں بری ہو۔ یہ بات اللہ تعالی جانتا ہے تم نہیں جانتے)

پس آپ اس کی بلا پر صبر کریں۔ اس کی قضا پر راضی رہیں۔ اس کی طاعت پر ثابت قدم رہیں اوراس کی نافرمانی سے بچیں۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ اللہ تعالی فرماتا ہے وَمَا أَصَابَكُمْ مِنْ مُصِيبَةٍ فَبِمَا كَسَبَتْ أَيْدِيكُمْ وَيَعْفُو عَنْ كَثِيرٍجو مصیبت تم کو پہنچی ہے تمہارے اپنے ہاتھوں کی کمائی کے باعث ہے اور بہت کو معاف کرتا ہے).پس اپنے افعال سے الله تعالی کے سامنے توبہ و استغفار کریں اور اس سے عفو و عافیت طلب کریں۔ فانہ تعالی عفو يحب العفو( کیونکہ اللہ تعالی معاف کر نیوالا ہے اور عفوکو دوست رکھتا ہے اور جہاں تک ہو سکے بلا سےبچیں کیونکہ اس مصیبت سے جو طاقت سے بڑھ کر ہو بھا گنا انبیاء علیہم الصلوة والسلام کی سنت ہے اور ہم عین بلا میں عافیت کے ساتھ ہیں۔ اس بات پر اللہ تعالی کی حمد اور اس کا احسان ہے۔

والسلام عليكم وعلى سائر من اتبع الهدی و التزم متابعة المصطفى عليه وعلى اله الصلوات و التسلیمات العلی(آپ پر اور ان تمام لوگوں پر جنہوں نے ہدایت اختیار کی اور حضرت مصطفی ﷺ کی متابعت کو لازم پکڑ اسلام ہو)۔ 

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفترسوم صفحہ70 ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں