سبقت والو سبقت کی کوشش کرو

 حضرت شیخ المشائخ، قطب ربانی، غوث صمدانی ، محبوب سبحانی، سیدنا عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالی عنہ وارضاہ نے تصوف و طریقت پر مشتمل کتاب” آداب السلوک والتواصل الی منازل الملوک“ میں فرمایا :

اے بنده نفس و ہوا واصلان حق کی حالت کا ادعاء نہ کر۔ توبندہ حرص و ہوا ہے اور وہ بندہ مولا۔ تو دنیا کا طالب اور وہ عقبی کی بھلائی کے متلاشی۔ تیری نظر دنیاپر اور ان کے نظر ارض و سماء کے رب پر۔ تو خلق سے مانوس اور وہ حق تعالی کی محبت کے گرفتہ، تیرا دل دنیا کی زیب و زینت میں انکا ہے اور ان کے دل عرش کے مالک کی محبت میں اسیر ہیں۔ تو ہر نظر آنے والی چیز کا نخچیر اور وہ ہر چیز سے بے نیاز صرف جمال خداوندی کے مشاہدہ میں مشغول۔ اللہ تعالی کےیہ بندے دونوں جہان میں کامیاب و کامران ہیں۔ تو دنیا کے لذائذو حظوظ کا قیدی ہے جبکہ اللہ کے یہ بندے خلق ، حرص ، ارادہ اور آرزو سے فانی ہیں۔ وہ بادشاہ حقیقی کے مقرب ہیں۔ اللہ تعالی نے انہیں اپنے مطلوب یعنی اطاعت اور حمدو ثناکا ادراک بخش دیا۔ یہ الله کا فضل ہے جسے چاہتا ہے اپنے فضل سے نوازتا ہے۔ انہوں نے اسے لازم پکڑا۔ اس پر اللہ کی توفیق سے مواظبت اختیار کی۔ 

سواطاعت خداوندی ان کی روح اور غذا بن  گئی اور یہ دنیا ان کے حق میں نعمت اور جزا ٹھہری۔ گویا یہی ان کی جنت الماوی ہے کیونکہ ہر چیز میں وہ فعل خداوندی کو عیاں دیکھتے ہیں جس نے اس دنیا کو تخلیق کیا اور وجودبخشایہی وہ اللہ تعالی کےبندے ہیں جن کے صدقے زمین اور آسمان کو ثبات حاصل ہے۔ انہی کے طفیل مرنے والوں اور زندوں کو سکون و قرار نصیب ہے کیونکہ یہ لوگ زمین کے اوتاد ہیں جن کی وجہ سے زمین قائم ہے۔ ان میں سے ہر شخص ایک مضبوط پیڑ کی مانند ہے۔ ان کے راستے میں نہ آاور مزاحمت نہ کر کہ اس راہ میں وہ اپنے آباء اور اولاد کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔ وہ زمین پر پھیلی اللہ تعالی کی سب مخلوق سے بہتر لوگ ہیں ان پراللہ تعالی کی طرف سے سلامتی اور برکتیں ہوں جب تک کہ آسمان اور زمین باقی ہیں۔ 

آداب السلوک شیخ عبد القادر الجیلانی صفحہ 75 ،مکتبہ دارالسنابل دمشق شام


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں