ارباب جمعیت کی صحبت کی تحریص مکتوب نمبر70دفتر سوم

 ارباب جمعیت کی صحبت کی تحریص و ترغیب میں مولانا اسحاق ولدقاضی موسی کی طرف صادر فرمایا ہے۔ 

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ وَسَلَامٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی ( الله تعالیٰ  کی حمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو آپ کا مکتوب شريف جو رحم علی درویش کے ہمراہ ارسال کیا تھا پہنچا۔ آپ کے ذوق وشوق کا حال پڑھ کر بہت مسرت ہوئی ۔ علیحدہ کاغذ میں جو ظاہر شدہ ہوا واقع لکھا تھا ۔ اس کے مطالعہ سے نہایت ہی خوشی ہوئی ۔ اس قسم کے واقعات مبشر ہیں ۔ کوشش کرنی چاہیئے کہ قوت سے فعل میں آئیں اور گوش سے آغوش تک پہنچ جائیں ۔ آج تقصیروں کا تدارک ممکن ہے۔ فرصت کو غنیمت جاننا چاہیئے اور(کار خیر) غفلت اور تاخیر پر نہ ڈالنا چاہیئے ۔ حضرت خواجہ احرار قدس سرہ نے فرمایا ہے کہ ہم چند درویش ایک جگہ جمع ہوئے اس سماعت کی نسبت جو جمعہ کے روز میں دعا کی قبولیت کے لیے مقرر ہے گفتگو شروع ہوئی کہ اگر میسر ہو جائے تو اس وقت حق تعالیٰ  سے کیا مانگنا چاہیئے ۔ کسی نے کچھ کہا کسی نے کچھ جب میری باری آئی تو میں نے کہا کہ ارباب جمعیت کی صحبت طلب کرنی چاہیئے کیونکہ اس میں تمام سعادتیں حاصل ہوتی ہیں بعض مکتوبوں کی نقل کر کے حامل  رقیمہ ہذا کے ہمراہ بھیجی گئی ہے۔ حق تعالیٰ  آپ کو اس سے نفع دے۔ دوسرے یہ کہ برادرم شیخ کریم الدین مدت سے آیا ہوا ہے۔ شاید اپنے احوال آپ کی طرف لکھے گا ۔ دوستوں سے دعا کی امید ہے۔ رَبَّنَا أَتْمِمْ لَنَا نُورَنَا وَاغْفِرْ لَنَا  إِنَّكَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ يا الله تو ہمارے نور کو کامل کر اور ہمیں بخش۔ تو ہر چیز پر قادر ہے وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى وَالتَزَمَ مُتَابَعَةَ المُصطَفىٰ عَلَيهِ وَعَليٰ اٰلِہٖ الصَّلَواتُ وَالتَّسلِيمَاتُ   اور سلام ہو آپ پر اوران  لوگوں پر جو ہدایت کے رستہ پر چلے اور جنہوں نے حضرت محمدﷺکی متابعت کو لازم پکڑا۔

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر سوم صفحہ199ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں