انوار الہی کی شمع

 حضرت شیخ المشائخ، قطب ربانی، غوث صمدانی ، محبوب سبحانی، سیدنا عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالی عنہ وارضاہ نے تصوف و طریقت پر مشتمل کتاب” آداب السلوک والتواصل الی منازل الملوک“ میں فرمایا :

ہر طرف سے آنکھیں بند کرلے اور کسی چیز کو نہ دیکھ۔ جب تک ہر جہت سے اندھا نہیں بن جاتافضل و قرب خداوندی کا دروازہ  وا نہیں ہو گا۔ نظرہ توحید اور کامل یقین کے ذریعے ہر طرف سے اپنی آنکھیں بند کر لے۔ اور اپنے نفس کو پھر اپنی فنا کو ، اپنے محو ہونے کو اور اپنے علم کو بھی فنا کر دے۔ ایسے میں تیرے دل کی آنکھ میں اللہ تبارک و تعالی کے فضل کی ایک جہت کھل جائے گی اور تو اس جہت کو اپنے سر کی آنکھوں سے دیکھ سکے گا۔ کیونکہ تیرادل ، ایمان اور یقین جب روشن ہو جائیں گے تو تو انہیں دیکھنے لگے گا۔ تیرے باطن سے ایک نور پھوٹے گا جس کی روشنی ترے ظاہر کو بھی منور کر دے گی۔ جس طرح تاریک رات میں  کسی گھر میں شمع روشن کی جاتی ہے تو وہ روشنی روزن اور روشندان سے گھر کے باہر کو بھی روشن کر دیتی ہے۔ پس جب تیرے نور باطن سے تیرا ظاہر بھی روشن ہو جائے گا تو تیر انفس اور تیرے جوارح کو اللہ کے وعدہ اور اس کی عطائیت پر زیادہ یقین اور اطمینان حاصل ہو جائے گا۔ 

پس اپنے نفس پر رحم کر۔ دل پر ظلم مت ڈھا۔ دل و جان کو اپنی حیات اور رعونت کی تاریکیوں کے سپرد نہ کر۔ ایسا نہ ہو کہ تیری نظریں ہر طرف لگی ہوں۔ کبھی تو نفس کے افعال اور اس کے حیلوں کو دیکھ رہا ہو اور کبھی اپنی قوت و طاقت اور اسباب و آلات پر بھروسہ کر کے حقیقت سے آنکھیں موندے بیٹھا ہو ۔ اور پھر تو غیر کو سزا اور عذاب کا مالک بنائے اللہ تعالی کے فضل و کرم کی جہت سے آنکھیں بند کیے ہو جب تیری نظر صرف اور صرف اللہ تعالی کے فضل و کرم پر ہوئی اور تو غیر اللہ سے اندھابن گیا اور غیر سے آنکھیں بند کر کے اللہ کا ہو رہا تو وہ تجھے اپنا قرب اور معیت بخش دے گا۔ تجھ پر رحم کرے گا۔ تیری نگہداشت کرے گا۔تجھے کھلائے پلائے گا۔ عافیت بخشے گا۔ خود دکھوں میں تیری شفا کے اسباب مہیا کرے گا۔ تیری جھولی بھر کرتجھے غنی کر دے گا۔تجھے بصیرت بخشے گا۔ تجھے حکمرانی عطا کرے گا۔ پھر تجھے مخلوق سے اپنے نفس سے محوو فانی کر دے گا۔ اور اس کے بعد تو اپنے فقر اور غنی کو نہیں دیکھ پائے گا۔ 

آداب السلوک شیخ عبد القادر الجیلانی صفحہ 158 ،مکتبہ دارالسنابل دمشق شام


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں