عبادات مامورہ سے مقصود یقین کا حصول مکتوب نمبر 97دفتر اول

اس بیان میں کہ عبادات مامورہ سے مقصود یقین کا حاصل کرنا ہے۔ شیخ درویش کی طرف لکھا ہے۔

حق سبحانہ و تعالی سید المرسلین ﷺکے طفیل ہم مفلسوں کو حقیقت ایمان سے مشرف فرمائے جس طرح انسانی پیدائش سے عبادت مامور ہ (حکم دی ہوئی)کا ادا کرنا مقصود ہے ویساہی  عبادت مامور ہ کے ادا کرنے سے مقصود یقین کا حاصل کرنا ہے جو ایمان کی حقیقت ہے۔ ممکن ہے کہ آیت کریمہ ‌وَاعْبُدْ رَبَّكَ حَتَّى يَأْتِيَكَ الْيَقِينُ ( اور اپنے پروردگار کی عبادت کر یہاں تک کہ تجھ کو موت آئے) میں اس مطلب کی طرف اشارہ ہے کیونکہ کلمہ حتی جس طرح نہایت و غایت کے لئے آتا ہے۔ سبب اور علت کے لئے بھی آتا ہے۔ یعنی لأجل أن یاتیک الیقین۔ گویا وہ ایمان جو عبادت کے ادا کرنے سے پہلے ہے وہ صرف ایمان کی صورت ہی صورت ہے نہ کہ ایمان کی حقیقت جس کی تعبیر یقین سے کی گئی ہے۔

اللہ تعالی فرماتا ہے يَاأَيُّهَا الَّذِينَ ‌آمَنُوا ‌آمِنُوا أي الذين امنوا صورة امنؤا بأداء الوظائف المامورۃ اے ایمان والو پھر ایمان لاؤ یعنی اے لوگو جو ظاہر ایمان لائے ہووظائف مامور ہ کے ادا کرنے پر ایمان لو اور فنا و بقاء سے کہ جس کے حاصل ہونے سے مراد ولایت ہے۔ صرف یہی یقین مقصود ہے اور اگر فنا فی اللہ اور بقاباللہ سے کچھ اور معنی مراد لیں جن سے حالیت (حلول کرنے)اورمحلیت(محل خدا ہونے) یعنی حلول کا وہم پڑ تا ہوتو عین الحاداور زندقہ ہے غلبہ حال اورسکر(مستی)  میں ایسی ایسی چیز یں ظاہر ہوتی ہیں جن سے آ خر گزرنا پڑتا ہے اور توبہ کرنی پڑتی ہے۔

ابراہیم بن شیبان جو مشائخ طبقات قدس سرہم میں سے ہیں ۔ فرماتے ہیں کہ فنا و بقا کا علم وحدانیت کے اخلاص اور عبودیت (بندگی)  کی صحت کے گرد پھرتا ہے اور اس کے سوائے مغالطہ اور زندقہ ہے اور بے شک سچ فرماتے ہیں اور یہ کلام ان کی استقامت کی خبر دیتی ہے فنا فی اللہ خدائے تعالی کی مرضیات میں فانی ہونے سے مراد ہے اور سیرالی الله اور سیر فی اللہ وغیرہ اسی قیاس پر ہیں۔

اور دوسری بات آپ کو یہ تکلیف دی جاتی ہے کہ نیک کردار  شیخ الله بخش  نیکی و تقوی وفضیلت سے آراستہ ہیں اور بہت سے لوگ ان کے متعلق(وابستہ) ہیں اگر کسی امر میں مددطلب کریں تو امید ہے کہ ان کے حال پر توجہ فرمائیں گے۔ وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى (سلام ہو اس شخص پر جس نے ہدایت اختیار کی )

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ265ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں