فقرا کی صحبت پر ترغیب مکتوب نمبر132دفتر اول

دولت مندوں کی صحبت سے بچنے اور فقرا کی صحبت پر ترغیب دینے کے بیان میں کہ  فقراء کی خاکروبی دولت مندوں کی صدرنشینی سے بہتر ہے ملا محمدصد یق بدخشی کی طرف لکھا ہے: 

رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنَا وَهَبْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ رَحْمَةً إِنَّكَ أَنْتَ الْوَهَّابُ (یااللہ تو ہدایت دے کر ہمارے دلوں کی ٹیڑھانہ کر اور اپنے پاس سے ہم پر رحمت نازل فرما۔ تو بڑا بخشنے والا ہے۔)آپ نے فقراء کی صحبت سے دل تنگ ہو کر دولت مندوں کی مجلس اختیار کی ہے ۔ بہت برا کیا ہے آج اگر آپ کی آنکھ بند ہے تو کل کھل جائے گی اور پھر ندامت کے سوا کچھ فائدہ نہ ہوگا ۔ اطلاع دینا شرط ہے۔ 

اے بو الہوس تیرا امر دوحال سے خالی نہیں ہے ۔ دولت مندوں کی مجلس میں آپ کو جمعیت(دلجمعی) دیں گے یانہ دیں گے۔ اگر دیں گے تو بد ہے اور اگر نہ دیں گے تو بدتر ہے اور اگر دیں گے تو استدراج ہے ۔ ‌نَعُوذُ ‌بِاللَّهِ ‌مِنْ ‌ذَلِكَ ( اس سےاللہ کی پناہ) اور اگر نہ دیں گے تو ‌خَسِرَ ‌الدُّنْيَا وَالْآخِرَةَ  دنیاو آخرت کا خسارہ شامل ہے۔ فقراء کی خاکروبی دولت مندوں کی صدرنشینی سے بہتر ہے۔ آج یہ بات آپ کی سمجھ میں آئے یا نہ آئے۔ آخر ایک دن سمجھ میں آجائے گی۔ پھر کچھ فائدہ نہ دے گی۔ جب کھانوں کی خواہش اور قیمتی لباس کی تمنا نے آپ کو اس بلا میں ڈال دیا اب بھی کچھ نہیں گیا۔ اپنے مقصد کا ذکر کریں اور جو کچھ حق تعالی  سے مانع ہو اس کو دشمن جان کر اسے سے بھاگیں اور خوف کریں ۔   إِنَّ مِنْ أَزْوَاجِكُمْ وَأَوْلَادِكُمْ عَدُوًّا لَكُمْ ‌فَاحْذَرُوهُمْ نص قاطع ہے۔ 

صحبت کےحق نے اس بات پر برانگیختہ کیا کہ ایک مرتبہ آپ کو نصیحت کی جاے آپ عمل کریں یا نہ کریں۔ آپ کی فضول باتوں سے مجھے اول ہی معلوم تھا کہ اس طرح فقر پر استقامت دشوار ہے ۔ 

قَدْ كَانَ ‌مَا ‌خِفْتُ ‌أَنْ ‌يَكُونَا … إِنَّا إِلَى اللَّهِ رَاجَعُونَا

ترجمہ : ہوا آخر وہی جس کا ڈر تھا پڑھا إِنَّا إِلَى اللَّهِ رَاجَعُونَا

وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى وَالتَزَمَ مُتَابَعَةَ المُصطَفىٰ عَلَيهِ وَعَليٰ اٰلِہٖ الصَّلَواتُ وَالتَّسلِيمَاتُ العُلیٰاَتَمَّهَا وَاَدْوَمَهَا

اور سلام ہو اس شخص پر جو ہدایت کے راستہ پر چلا اور حضرت محمد ﷺکی تابعداری کو لازم پکڑا۔ 

میں آپ کی فطرت اور استعداد سے کچھ اور امید رکھتا تھا۔ مگر افسوس کہ آپ نے قیمتی جوہرکوسرگین(پاخانے) میں ڈال دیا۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ ‌رَاجِعُونَ

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ321ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں