حضرت سید الاولين ولآخرین کی متابعت کے فضائل اور اس پر مترتبہ کمالات اور اس کے ساتھ مخصوص مراتب کے بیان میں میرزاداراب کی طرف صادر کیا ہے۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ وَسَلَامٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی (اللہ تعالیٰ کی حمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہو)آخرت کی نجات اور ہمیشہ کی خلاصی حضرت سید الاولین والاخرین ﷺکی متابعت پروابستہ ہے۔ آپ ہی کی متابعت سے حق تعالیٰ کی محبوبیت(محبوب ہونے کی کیفیت) کے مقام میں پہنچتے ہیں اور آپ ہی کی متابعت سےتجلی ذات سے مشرف ہوتے ہیں اور آپ ہی کی متابعت سے مرتب عبدیت میں جو کمال کے مراتب سے اوپر اور مقام محبوبیت کے حاصل ہونے کے بعد ہے۔ سرفراز فرماتے ہیں اور آپ کے کامل تابعداروں کو بنی اسرائیل کے پیغمبروں کی طرح فرماتے ہیں اور اولوالعزم پیغمبر آپ کی متابعت کی آرزو کرتے ہیں اور اگر موسی علیہ الصلوۃ والسلام آپ کے زمانہ میں زندہ ہوتے تو آپ ہی کی تابعداری کرتے اور عیسی روح اللہ کے نازل ہونے اور حضرت حبیب الله ﷺکی متابعت کرنے کاقصہ مشہورو معلوم ہے۔ آپ کی امت آپ کی متابعت کے سبب خیر الامم ہوئی ہے اور اس میں سے اکثر اہل جنت ہیں۔ قیامت کے دن آپ کی تابعداری کی بدولت تمام امتوں سے پہلے آپ کے امتی بہشت میں جائیں گے اورنازو نعمت حاصل کریں گے۔ پس آپ کو لازم ہے کہ آنحضرت صلی الله علیہ وعلی اخوانہ وسلم کی متابعت اور سنت کولازم پکڑیں اور شریعت حقہ کے موافق اعمال بجالائیں۔
دوسرا یہ کہ یہ( فقیر) شیخ اسماعیل کی سفارش کرتا ہے جو معارف آگاه حاجی عبدالحق کے دوستوں میں سے ہے۔ والسلام ۔
مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ178 ناشر ادارہ مجددیہ کراچی