حضرت شیخ المشائخ، قطب ربانی، غوث صمدانی ، محبوب سبحانی، سیدنا عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالی عنہ وارضاہ نے تصوف و طریقت پر مشتمل کتاب” آداب السلوک والتواصل الی منازل الملوک“ میں فرمایا :
سنت کی پیروی کرو اور بد عتوں سے بچو ۔ اللہ تعالی اور اس کے رسول ﷺکی فرمانبرداری کرو اور نافرمانی سے اجتناب کرو۔ اللہ تعالی کو ذات و صفات میں یکتا یقین کرو اور شرک نہ کرو اس ذات اقدس کو ہر عیب سے پاک سمجھو اور اس کے بارے غیر مناسب گفتگو نہ کرو۔ اس کی بارگاہ میں سوال کرو اور مایوسی کا اظہار مت کرو۔ اس کی رحمتوں اور مہربانیوں کے امید وار رہو انتظار کرو اور شک نہ کرو۔ صبر سے کام لو اور جزع فزع سے بچو۔ ثابت قدم رہو اور راہ حق سے نہ بھاگو۔ آپس میں بھائی بھائی بن کر رہو اور عداوت کا رویہ نہ اپناؤ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت پر ایک ہو جاؤ اور الگ الگ فرقے نہ بناؤ۔ باہم محبت و مودت رکھو اور بغض و عناد سے دور رہو۔ گناہوں سے مجتنب اور پاک ر ہو اور نافرمانی کی گندگی سے عصمت کو آلودہ نہ ہونے دو۔ اپنے پروردگار کی اطاعت و فرمانبرداری سے حقیقی زیب و زینت حاصل کرو اور اس کے در رحمت سے منہ نہ پھیرو۔ اسی کی چوکھٹ پر سر نیاز رکھ دو۔ توبہ کرنے میں دیر نہ کرو اور رات دن اپنی خطاؤں اور لغزشوں کی معافی مانگتے رہو۔
شاید تم پر رحم ہو جائے۔ تم سعادت حاصل کر لو۔ آگ سے دور کر دئیے جاؤ جنت میں داخل کیے جاؤ۔ وصال حق کی دولت پاؤ اور سلامتی کے گھر(جنت) میں نعمتوں سے لطف اندوز ہو سکو اور جوان باکرہ عورتوں کے ساتھ مجامعت کی نعمت سے سرفراز کیے جاؤ جنت کے اس گھر میں تمہیں خلود نصیب ہو۔ عمده گھوڑوں پر سواری کرو۔ سروقدماه جبیں صاف و شفاف بدن والی غیر مدخولہ آہو چشم حوروں سے لطف حاصل کرو۔ وہاں تمہیں طرح طرح کی خوشبوئیں حاصل ہوں، ان نعمتوں کے ساتھ ساتھ خوش گلو جوان عورتوں کے نغمہائے کیف و سرور سے لطف اندوز ہو سکو اور انبیاء صدیقین ، شہداء و صالحین کی معیت میں رہو اور اعلی علین تک بلند کیے جاؤ۔
آداب السلوک شیخ عبد القادر الجیلانی صفحہ 51 ،مکتبہ دارالسنابل دمشق شام