محبوب سبحانی غوث صمدانی ، شہباز لامکانی، حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی قدس سرہ العزیز کی معروف کتاب الفتح الربانی والفیض الرحمانی‘‘باسٹھ (62 ) مواعظ ،متعدد ملفوظات اور فتوحات کا مجموعہ ہے، یہ خطبہ ان کے ملفوظات میں سے ہے۔
توحید پر قائم رہنے سے مشکلات سے کفایت ہوگی :
اے بیٹا! تو رہنما کا غلام بن جا، اس کی پیروی کر ، اپنی سواری اس کے آگے چھوڑ دے، اور اس کے ساتھ چلا چل، کبھی اس کے دائیں طرف سےکبھی اس کے بائیں طرف سے ، اور کبھی اس کے پیچھے سے، اور کبھی اس کے آگے سے تو اس کی رائے سے باہر نہ ہو اور اس کے کہے کے خلاف نہ کر، تو اپنے راستے سے نہ ہٹے گا اور اپنی منزل مقصود پر پہنچ جائے گا، تو خدا کی توحید پر قائم رہ ، تیری مشکلات سے کفایت کی جائے گی ،اور تجھ سے سب مصیبتیں دور ہو جائیں گی ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالنے کے لئے جب گوپھن میں رکھا گیا تو اپنے سب واسطوں سے منہ پھیر لیا اور اللہ کے سواکسی غیر کی طرف توجہ نہ کی ، اسی لئے اللہ تعالی نے آگ سے فرمایا:
قُلْنَا يَانَارُ كُونِي بَرْدًا وَسَلَامًا عَلَى إِبْرَاهِيمَ
ہم نے فرمایا: اے آ گ تو ابراہیم پر ٹھنڈی ہو جا سلامتی کے ساتھ۔ اے آگ! توجدا ہو، کنارہ کر لے متغیر ہو جا اور بدل جا، اپنی گرمی اور شر کوروک لے، اپنے بھالے اور تلوار اور حرارت اور غضب کو روک لے، سمٹ جا، اورسکڑ جاء بغیر کسی تکلیف کے ٹھنڈی ہو جا، برف بن جا ۔ آپ کے ساتھ سب باتیں اللہ کو واحد سمجھنے اور توحید میں اخلاص کے باعث ہوئیں،
بندہ جب اللہ کا موحد بن جا تا ہے اور اس کے لیئے سراپا اخلاص ہو جا تا ہے تو
کبھی خدا اس کا ہو جا تا ہے، وہ خود اس میں تصرف فرماتا ہے،
کبھی بندے کو تصرف سپرد کر دیا جا تا ہے،
اور اللہ کی عطا سے بند ہ بذات خود متصرف ہوجا تا ہے۔
یہ مخلوق میں سے اللہ کے خاص بندوں کا حال ہے، ہر وہ شخص جو جنت میں داخل ہو گا جب کسی شے سے کہے گا کہ ہو جا، تو وہ شے موجود ہو جائے گی ، مگر اس میں کمال یہ ہے کہ تصرف کا یہ اختیار کل نہیں آج حاصل کر ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام بچپن سے لے کر اخیر عمر تک تو کل کے قدموں پر قائم رہے –
جبکہ آپ کے ہمسائے علیحدگی اختیار کر گئے۔
جبکہ اہل وعیال کی کثرت ہوئی اور افلاس اور معاشی تنگی دامن گیر ہوۓ ،
جبکہ غلے کا نرخ گراں ہو گیا۔
جبکہ آپ کے بھائی بندوں نے آپ کی آمد پر اپنے دروازے بند کر دئیے ،۔
فیوض غوث یزدانی ترجمہ الفتح الربانی،صفحہ 594،قادری رضوی کتب خانہ گنج بخش لاہور