سبق کے تکرار پرنصیحت کرنے میں شرف الدین حسین بدخشی کی طرف صادر فرمایا ہے۔
میرے فرزند شرف الدین حسین کا خط پہنچا۔ اللہ تعالیٰ کی حمد اور احسان ہے کہ آپ کو فقراء کے یادکی سعادت حاصل ہے۔ دوسبق جو آپ نے حاصل کئے تھے۔ اس کے تکرار سے وقت کو آباد رکھیں اور فرصت کے ہاتھ سے نہ دیں ایسا نہ ہو کہ دنیائے فانی کاکروفر جھلا دے اور چند روزه شان وشوکت بے مزہ کردے۔
ہمہ اندر زن بتوابن است که توطفلی و خانه رنگین است
تر جمہ نصیحت میری تجھ سے ساری یہی ہے کہ گھر ہے منقش تو بچہ ابھی ہے
یہ کس قدر بڑی نعمت ہے کہ حق تعالیٰ اپنے بندے کو جوانی میں توبہ کی توفیق عطا فرمائے اور اس پر استقامت بخشے کہہ سکتے ہیں کہ تمام دنیا کی نعمتیں اس نعمت کے مقابلہ میں ایسی ہیں جیسے دریائےعمیق کے مقابلہ میں شبنم کا قطرہ کیونکہ وہ نعمت حق تعالیٰ کی رضامندی کا موجب ہے جو تمام دینی اور اخروی نعمتوں سے بڑھ کر ہے۔ وَرِضْوَانٌ مِنَ اللَّهِ أَكْبَرُاور اللہ کی رضامندی سب سے بڑی نعمت ہے وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى وَالتَزَمَ مُتَابَعَةَ المُصطَفىٰ عَلَيهِ وَعَليٰ اٰلِہٖ الصَّلَواتُ وَالتَّسلِيمَاتُ اور سلام ہو آپ پر اوران لوگوں پر جو ہدایت کے رستہ پر چلے اور جنہوں نے حضرت محمدﷺکی متابعت کو لازم پکڑا۔
مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ335ناشر ادارہ مجددیہ کراچی