قرب میں جان دینا

محبوب سبحانی غوث صمدانی ، شہباز لامکانی، حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی قدس سرہ العزیز کی معروف کتاب الفتح الربانی والفیض الرحمانی‘‘باسٹھ (62 ) مواعظ ،متعدد ملفوظات اور فتوحات کا مجموعہ ہے، یہ خطبہ ان کے ملفوظات میں سے ہے۔

اللہ والوں نے قرب الہی کی طلب میں اپنی جانیں بیچ دیں:

اے لوگو! تم ہر چیز کو اس سے طلب کرو جو ہر چیز کو پیدا کرنے والا ہے ۔ اپنا سب کچھ اس کی طلب میں خرچ کرو ۔ اللہ والوں نے قرب الہی کی طلب میں اپنی جانیں بیچ دیں، اپنے مطلوب و مقصود کو جان لیا تو ان کے لئے اپنی روحوں کا خرچ کرنا آسان ہو گیا ، جس نے اپنا مطلوب جان لیا، اس پر جو کچھ بھی خرچ ہو، وہ اس پر آسان ہو جا تا ہے ۔

حکایت ہے کہ ایک شخص کا بردہ فروش کے حجرہ پر گزر ہوا، وہاں اس نے ایک خوبصورت لونڈی دیکھی ، اس کی محبت اس کے دل میں بیٹھ گئی، اس میں اس جگہ سے آگے بڑھنے کی طاقت و قدرت نہ رہی ، وہ شخص ایک گھوڑے پر سوار تھا جس کی قیمت سو دینار تھی اور بدن پر عمدہ ونفیس لباس تھا،گلے میں سونے کی جڑاؤ تلوار تھی اور غاشیہ بردار ایک حبشی غلام  تھا، یہ شخص اس بردہ فروش کی طرف بڑھا اور اس سے لونڈی خریدنے کی خواہش ظاہر کی۔ بردہ فروش نے کہا: ’’ اس میں کوئی شک نہیں کہ تو میری لونڈی پر عاشق ہو گیا ہے اور عاشق کا قاعدہ ہے کہ وہ اپنی ملکیت کی تمام چیز یں اپنے محبوب کی طلب میں خرچ کر دیا کرتا ہے ۔ اس وقت جو کچھ تیری ملکیت میں ہے تو جب تک اس کی قیمت میں  نہ دے دے، میں اس وقت تک اسے فروخت نہیں کروں گا‘‘۔

 یہ سن کردہ سوار اپنے گھوڑے سے نیچے اتر آیا، وہ تمام کپڑے جو پہنے ہوۓ تھا،اتار کر اسے دے دیئے ، اور اس سے ایک قمیص عاریت لے کر پہن لی ، حبشی غلام سمیت سب کچھ بردہ فروش کے حوالے کر دیا، اور لونڈی کو لے کر ننگے پاؤں اور ننگے ۔ سراپنے گھر کی طرف روانہ ہو گیا، جب اس عاشق نے قیمت خرچ کی اور اس کے بدلے میں اپنی مطلوبہ چیز حاصل کر لی ۔ – اس نے اپنے مطلوب کو پہچان لیا تو اس پر خرچ کرنا اس کے لئے آسان ہو گیا۔ جوشخص محبت کے دعوے میں سچا ہوتا ہے وہ محبوب کے سواکسی کے پاس قرار ہی نہیں پاتا ۔

جنت کی قیمت کیا ہے؟

مخلوق میں سے جب کسی نے کہا کہ  میں نے  جنت اور جو   کچھ اس کی نعمتوں میں سے ہے، کی خبر سن لی ہے ، اس کی قیمت کیا ہے؟ ۔ جس کے بارے میں ارشاد باری ہے

وَفِيهَا مَا تَشْتَهِيهِ الْأَنْفُسُ ‌وَتَلَذُّ الْأَعْيُنُ

اور جنت میں وہ تمام چیزیں ہیں جن کی نفس  خواہش کریں گے آنکھیں لذیذسمجھیں گی ۔

ہم نے اسے جواب دیا کہ ارشاد باری ہے:

إِنَّ اللَّهَ اشْتَرَى مِنَ الْمُؤْمِنِينَ أَنْفُسَهُمْ وَأَمْوَالَهُمْ بِأَنَّ لَهُمُ الْجَنَّةَ

 بے شک اللہ نے مسلمانوں سے ان کی جانیں اور مال خرید لئے ہیں ، اس کے بدلے پر کہ ان کے لئے جنت ہے۔

تو اپنی جان و مال کو اللہ کے سپردکر دے، جنت تیری ہو جاۓ گی  ۔

فیوض غوث یزدانی ترجمہ الفتح الربانی،صفحہ 592،قادری رضوی کتب خانہ گنج بخش لاہور


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں