سلسلہ نقشبندیہ کے ساتھ توجہ و اخلاص مکتوب نمبر 90دفتر اول

 اس بات پر ترغیب دینے میں کہ ہمہ تن حق تعالی کی طرف متوجہ ہونا چاہیئے اور آج اس دولت کا حاصل  ہونا اس طبقہ علیہ نقشبندیہ کے ساتھ توجہ اور اخلاص پر وابستہ ہے خواجہ قاسم کی طرف لکھا ہے۔

حق تعالی حضرت سید البشر ﷺکے طفیل جو میلان چشم سے پاک ہیں دنیا کمینی کو آپ کی نظر بلندہمت میں خوار و بے اعتبار کر کے آخرت کے حسن و جمال کو باطن کے آئینے میں جلوہ گر اور آراست فرمائے۔

آپ کا بزرگ محبت نامہ مع نفیس تحفوں کے وصول ہوا۔ آپ نے بڑا کرم کیا الله تعالی آپ کو جزائے خیر دے۔ وہ محبت جومحبوں اور دوستوں کو کی جاتی ہے۔ سب یہی ہے کہ پورے طور پر خدائے تعالی کی طرف توجہ میسر ہوجائے اور ماسوائے حق سے روگردانی حاصل ہو جائے۔

کار این است غیر ایں ہمہ ہیچ ۔اصل مطلب ہےیہی باقی  ہیچ ہے

آج اس دولت کا حاصل ہونا اس طریقہ نقشبند یہ کے ساتھ توجہ اور اخلاص پر وابستہ ہے بڑی بڑی سخت ریاضتوں اور مجاہدوں سے اس قدر حاصل نہیں ہوتا جوان بزرگواروں کی ایک ہی صحبت سے حاصل ہو جاتا ہے کیونکہ ان بزرگواروں کے طریق میں نہایت ابتداء میں درج ہے پہلی صحبت میں وہ کچھ بخش دیتے ہیں جو دوسرے طریقہ کے منتہیوں(انتہا تک پہنچے ہووں)  کو نہات میں جا کر حاصل ہوتا ہے اور ان بزرگواروں کا طریق اصحاب کرام کا طریق ہے ان کو خیر البشر ﷺکی پہلی ہی صحبت میں وہ کمالات حاصل ہو جاتے تھے جو اولیائے امت کو نہایت میں شاید ہی میسر ہوں اور  یہی ابتداء میں انتہا کے درج ہونے کا طریق ہے۔ پس آپ پر ان بزرگواروں کی محبت واجب ہے کیونکہ اصل مقصود یہی (محبت)ہے والسلام على من اتبع الهدى والتزم متابعة المصطفى عليه وعليهم من الصلوة والتسليمات اتمها وادومها

 اور سلام ہو آپ پر اوران  لوگوں پر جو ہدایت کے رستہ پر چلے اور جنہوں نے حضرت محمدﷺکی متابعت کو لازم پکڑا۔

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ255ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں