عقائد کی درستی اور فقہی احکام جاننے کا بیان مکتوب نمبر75دفتر اول

یہ مکتوب بھی مرزا بدیع الزمان  کی طرف صادر فرمایا سب سے پہلے عقائد کی درستی اور فقہ کے ضروری احکام جاننے کے ساتھ سیدالکونین  علیہ وعلی الہ  الصلوۃ والسلام کے متابعت پر ترغیب کے بیان میں اور اس بیان نے حق تعالی سے وسیلہ  یا بلا وسیلہ اسی کو طلب کرنا چاہیے اور اس کے مناسب بیان میں

سلمکم اللہ سبحانہ وعافاکم   اللہ سبحانہ و تعالی آپ کو سلامت و عافیت سے رکھے

دونوں جہاں کی سعادت کی دولت سے کونین علیہ الصلاۃ والسلام اسلام کے متابعت  پر وابستہ ہے جبکہ وہ متابعت  اس نہج پر ہو جس کو اہل سنت و جماعت کے علماء نے بیان فرمایا ہے اللہ تعالی  ان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔

سب سے پہلے اپنے عقیدوں کو ان بزرگوں کی صحیح آراء کے مطابق درست کرنا چاہیے پھر حلال و حرام،فرض وا جب و سنت و مستحب و مباح و مشتبہ  کا علم حاصل کرنا چاہیئے اور اس علم کے مطابق عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ ان دو پروں (بازؤوں)اعتقادی اور عملی کے حاصل ہو جانے کے بعد اگر سعادت ازلی مدد فرمائے تو عالم قدس کی طرف پرواز کرنا حاصل ہو جاتا ہے۔ وَبِدُونِهَا خَرْطُ الْقَتَادِ ( اور اس کے سوا بے فائد ه رنج و تکلیف ہے)اور دنیا کمینی اس لائق نہیں ہے کہ اس کو اصلی مطلوب سے شمار کریں اور اس کے مال و جاہ کے حاصل ہونے کو اصلی مقصود خیال کریں ۔ بلند ہمت ہو نا چاہئے اور حق تعالی سے بوسیلہ یا بے وسیلہ اسی کوطلب کرنا چاہیئے۔

کار این است باقی ہمہ ہیچ            ترجمہ : اصل مطب ہے یہی  باقی ہے  ہیچ

اور جب آپ نے توجہ کی ہے اورہمت کی طلب کی ہے آپ کو بشارت ہو سالم و غانم سلامتی سے اورغنیمت کا مال لے کر واپس جائیں گے۔ لیکن ایک شرط کو مدنظر رکھیں اور وہ یہ ہے کہ اپنی توجہ کا قبلہ ایک بنائیں توجہ کے قبلہ کا متعدد بنانا اپنے آپ کو تفرقہ (انتشار و پراگندگی)  میں ڈالنا ہے۔ مثل مشہورہے ہر کہ یک جاہمہ جا و ہر کہ ہمہ جا   ہیچ جا۔ جو ایک جگہ ہے وہ سب جگہ ہے اور جو سب جگہ ہے وہ کسی جگہ نہیں۔ حق تعالی شریعت  مصطفوی علی صاحبہا الصلوة والسلام کے سیدھے راہ پر چلنے کی استقامت فرمائے۔

والسلام على من اتبع الهدى والتزم متابعة المصطفى عليه وعليهم من الصلوة والتسليمات اتمها وادومها

 اور سلام ہو آپ پر اوران  لوگوں پر جو ہدایت کے رستہ پر چلے اور جنہوں نے حضرت محمدﷺکی متابعت کو لازم پکڑا۔

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ227ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں