مقام جذبہ کے مناسب مكتوب نمبر 5 دفتراول

مخلص یاروں میں سے ایک مخلص یار خواجہ برہان الدین کی سفارش اور اس کے احوال کے بیان میں یہ بھی اپنے پیر بزرگوار قدس سرہ کی خدمت میں لکھاہے۔

حضور کا حقیر خادم عرض کرتا ہے کہ ایک رسالہ حضرت خواجگان نقشبند یہ قدس سرہم کی طریقت کے بیان میں لکھ کر ارسال خدمت کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ حضور کی نظر مبارک میں آئے گا ابھی مسودہ ہی ہے چونکہ خواجہ برہان جلدی روانہ ہوگئے اس واسطے صحیح نقل کرنے کی فرمت نہ ملی۔

خاکسار کا خیال ہے کہ اس رسالہ کے ساتھ اور علوم بھی ملائے جائیں۔ ایک دن رساله سلسلۃ الاحرار نظر سے گزرا۔ اسی وقت دل میں خیال آیا کہ حضور سے عرض کروں کہ حضور اس رسالہ کے بعض علوم کے بارے میں کچھ لکھیں یا اس فقیر کو امر کریں تا کہ اس کے بارے میں کچھ لکھے۔ یہ ارادہ نہایت پختہ ہو گیا تھا کہ اسی اثناء میں اس مسودہ کے بعض علوم فائض  ہوئے اور مجمل طوراس رسالہ یعنی سلسلۃ الاحرار کے بعض علوم اس مسودہ کے ضمن میں بیان کیے گئے اگر اس مسودہ کو اس رسالہ کا تکملہ بنالیں تو بھی ہو سکتا ہے اور اگر بعض مناسب علوم کو اس سے انتخاب کر کے ایک رسالہ کے ساتھ ملالیویں تو بھی مناسب ہے۔ زیادہ دلیری ادب سے دور ہے۔

خواجہ برہان نے اس مدت میں اچھا کام کیا ہے اور تیسری سیر (سیر عن اللہ باللہ)سے بھی جو مقام جذبہ کے مناسب ہے حصہ پالیا ہے خواجہ برہان کا دل صوبہ مالوہ کی بھاری مددمعاش کی وجہ سے پریشان رہتا تھا۔ اس واسطے حضور کی خدمت میں حاضر ہوتا ہے جس طرح فرمائیں گے اس کیلئے مبارک ہوگا۔

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر اول صفحہ43 ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں