شريعت غرا کے موافق عمل ذکر مکتوب نمبر 25دفتر دوم

اس بیان میں کہ جو عمل شريعت غرا کے موافق کیا جائے ، ذکر میں داخل ہے۔ اگر چہ خرید و فروخت ہو خواہ شرف الدین حسین کی طرف صادر فرمایا ہے۔ 

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ وَسَلَامٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی الله تعالی کے لیےحمد ہے اور اس کے برگزیدہ بندوں پر سلام ہووہ مبارک خط جو میرے فرزندعزیز نے مولانا عبدالرشید اور مولانا جان محمد کے ہاتھ ارسال کیا تھا، پہنچا اور نذرانہ کے مبلغات بھی پہنچ گئے۔ اللہ تعالی آپ کو جزائے خیر دے۔ تمہاری صحت کی خبر سن کر بڑی خوشی ہوئی۔ 

اے فرزند، فرصت اور صحت اور فراغت کو غنیمت جاننا چاہئے اور تمام اوقات ذکر الہی میں مشغول رہنا چاہئے۔ جوعمل شریعت غراء کے موافق کیا جائے ، ذکرہی میں داخل ہے۔ اگرچہ خرید و فروخت ہو۔ پس تمام حرکات وسکون میں احکام شرعیہ کی رعایت کرنی چاہئے تا کہ سب کچھ ذکر ہو جائے کیونکہ ذکر سے مراد یہ ہے کہ غفلت دور ہو جائے۔ جب تمام افعال میں اوامر و نواہی کو مدنظر رکھا جائے تو اس صورت میں بھی امرو ناہی کی غفلت دور ہو جاتی ہے اور دوام ذکرالہی حاصل ہو جاتا ہے۔ یہ دوام ذکر حضرت خواجگان کی یاداشت سے جدا ہے۔ وہ یاداشت صرف باطن تک ہی ہے اور اس دوام ذکر کا اثر ظاہر میں بھی ہے۔ اگرچہ دشوار ہے۔ وفقنا الله سبحانه وإياكم بمتابعة صاحب الشريعة عليه وعلى اله الصلوة والسلام والتحية. الله تعالی ہم کو اور آپ کو صاحب شریعت علیہ الصلوۃ والسلام کی متابعت کی توفیق بخشے۔ 

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر دوم صفحہ87 ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں