بیہودہ تعلقات کی وجہ سے صحبت سے دور مکتوب نمبر47دفتر دوم

نصیحت وتنبیہ میں محمد قاسم بدخشی کی طرف لکھا ہے۔ 

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ  حمد صلوة  اورتبلیغ دعوات کے بعد واضح ہو کہ اس بھائی کے کلمہ کلام سے طلب کی حرارت مفہوم ہوتی ہے اور جمعیت (دل کو طمینان حاصل ہونا) کی بو آ رہی ہے۔ یادرکھیں کہ یہ دولت قرب صحبت ہی کانتیجہ ہے مگر بیہودہ تعلقات نے آپ کو ایک ہفتے تک ہی صحبت میں رہنے نہ دیا۔ آپ کی صحبت کے سارے دن شاید ہی دس ہوں تو ہوں۔ آپ کو خدا تعالیٰ  سے شرم کرنی چاہیئے کہ ہزار دنوں میں سے ایک دن  بھی  خدا تعالیٰ  کے لیے نہیں نکال سکتے اور مختلف تعلقات سے ایک دن کے لیے بھی الگ نہیں ہو سکتے۔ آپ پر حجت درست ہو چکی ہے اور آپ نے اپنے وجدان سے معلوم کرلیا ہے کہ اس صحبت میں ایک ساعت رہنا مجاہدوں کے کئی چلوں سے بہتر ہے۔ پھر آپ اس صحبت سے بھاگتے ہیں اور حیلہ و بہانہ سے ٹال دیتے ہیں۔ آپ کی استعداد کا جوہرقیمتی ہے لیکن کیا فائدہ جب کہ قوت سے فعل میں نہیں آیا۔ آپ کی استعداد بلند ہے لیکن ہمت پست ہے۔   بچوں کی طرح قیمتی جو ہروں کو چھوڑ کر نکمے ٹھیکروں پر خوش ہو رہے ہو۔ 

بوقت صبح  شود ہمچو روز معلومت که با که باختہ عشق در شب دیجور

ترجمہ: بوقت صبح ہوگا تجھ کو معلوم کٹی کس کی محبت میں تری رات 

اب بھی کچھ نہیں گیا۔ آپ اپنے اصل کا فکر کریں ۔ اس غرض کے لیے سب سے بہت جمعیت (دل کو طمینان حاصل ہونا) والے لوگوں کی صحبت ہے۔ اگر یہ دولت میسر نہ ہو سکے تو ہر وقت ذکر الہی میں جو کسی صاحب دولت سے اخذ کیا ہے، مشغول رہیں اور جو کچھ ذکر کے منافی ہے، اس سے بچیں شرعی حل وحرمت میں بڑی احتیاط رکھیں۔ اس میں ہر گزسستی نہ کریں۔پنج وقتی نماز کو جماعت سے ادا کریں اور تعدیل ارکان میں بڑی کوشش کریں اور اس امر کی بھی حفاظت کریں کہ نماز مستحب اوقات میں ادا ہو جائے ۔۔ رَبَّنَا أَتْمِمْ لَنَا نُورَنَا وَاغْفِرْ لَنَا  إِنَّكَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ يا الله تو ہمارے نور کو کامل کر اور ہمیں بخش۔ تو ہر چیز پر قادر ہے۔

مکتوبات حضرت مجدد الف ثانی دفتر دوم صفحہ177ناشر ادارہ مجددیہ کراچی


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں