بلند ہمت والے

محبوب سبحانی غوث صمدانی ، شہباز لامکانی، حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی قدس سرہ العزیز کی معروف کتاب الفتح الربانی والفیض الرحمانی‘‘باسٹھ (62 ) مواعظ ،متعدد ملفوظات اور فتوحات کا مجموعہ ہے، یہ خطبہ ان کے ملفوظات میں سے ہے۔

 بلند ہمت والوں کو اللہ محبوب رکھتا ہے:

 تجھ پر افسوس ہے تو دنیا کے بادشاہ سے کس طرح مرتبہ اور مال چاہتا ہے، اور دشواریوں میں اس پر بھروسہ کرتا ہے، حالانکہ وہ عنقریب

 حکومت سے علیحدہ کر دیا جاۓ گا۔

 یا مر جانے والا ہے،

 اس کا مال اور ملک اور مرتبہ سب چلا جائے گا،

 وہ اس  قبر کی طرف جو کہ اندھیر اوروحشت اورتنہائی اورغم اورکیڑوں کا گھر ہےمنتقل ہوجائے گا،

حکومت سے ہلاکت کی طرف منتقل ہوجائےگا

 ہاں ! اگر اس کے پاس نیک عمل اور مخلوق کے لئے نیت نیک ہو گی تو اللہ تعالی اسے اپنی رحمت میں چھپائے گا، اور اس کے حساب میں آسانی کر دے گا ، جومعزول ہو جانے والا یا مر جانے والا ہے تو اس پر بھروسہ نہ کر ، وگرنہ تیری امید نقصان میں جاپڑے گی ، اور تیری مدد کٹ جائے گی ۔

مؤمن کی ہمت ، زمین اور دنیا ، آخرت اور اہل آخرت سب سے بلند ہوئی ہے، اس سے معلوم ہو گیا ہے کہ بلند ہمت والوں کو اللہ تعالی محبوب رکھتا ہے، چنانچہ اس کی ہمت اتنی بلند ہوگئی ہے کہ وہ اللہ تک جا پہنچی اور اس کے سامنے سجدہ کرتے ہوئے گر پڑی، اسے سجدہ سے سر اٹھانے کا حکم نہ ملاحتی کہ اللہ نے اس کے قلب و باطن کو آواز دی، اور انہیں اپنی نیابت، ریاست اور حکومت اورمخلوق میں تصرف کی قدرت عطا فرمائی ،  چنانچہ وہ دنیا میں بھی رئیس بن کر رہا اور آخرت میں بھی رئیس ہوگا ، وہ دنیا میں بھی بادشاہ ہے اور آخرت میں بھی بادشاہ ہوگا ۔

فیوض غوث یزدانی ترجمہ الفتح الربانی،صفحہ 608،قادری رضوی کتب خانہ گنج بخش لاہور


ٹیگز

اپنا تبصرہ بھیجیں